شیخ الجامعہ اردو کے لئے تحقیقی مقالہ جات پرنمایاں عالمی اعزاز
30ہزار سے زائد سائٹیشنز حاصل، ایچ انڈیکس 86، آئی 10انڈیکس 358ہوگیاپروفیسر ضابطہ 2025کی عالمی درجہ بندی میں ٹاپ 2فیصد سائنسدانوں میں رہ چکے
کراچی(این این آئی)وفاقی اردو یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ پروفیسر ضابطہ خان شنواری نے اپنے تحقیقی مقالہ جات پر30 ہزار سے زائد سائٹیشنز لیکر عالمی تحقیقی میدان میں نمایاں اعزاز اپنے نام کرلیا۔22 نومبر 2026ء کو اپ ڈیٹ ہونیوالے گوگل اسکالر کے اعدادوشمار کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری کے تحقیقی مقالہ جات کے سائٹیشنز کی تعداد 30 ہزار 4 ہوگئی، جبکہ انکا ایچ انڈیکس 86 اور آئی 10 انڈیکس 358 تک پہنچ گیا ہے ۔ یہ اعدادوشمار ان کی تحقیقی خدمات اور بین الاقوامی علمی حلقوں میں ان کے کام کی پذیرائی کو ظاہر کرتے ہیں۔پروفیسر ضابطہ خان شنواری اس سے قبل اسٹینفورڈ یونیورسٹی اور ایلسوئیر کی 2025ء کی عالمی درجہ بندی میں دنیا کے ٹاپ 2 فیصد سائنسدانوں میں بھی شامل ہوچکے ہیں۔
انکی یہ کامیابی نہ صرف انفرادی سطح پر ایک اہم اعزاز ہے بلکہ وفاقی اردو یونیورسٹی اور پاکستان کیلئے بھی باعثِ فخر ہے ، جو عالمی سطح پر پاکستانی محققین کی علمی اور سائنسی خدمات کی عکاسی کرتی ہے ۔شیخ الجامعہ کی قیادت میں وفاقی اردو یونیورسٹی نے بھی تعلیمی، تحقیقی اور ادارہ جاتی ترقی کے حوالے سے مختلف اہم اقدامات کیے ہیں۔ ان میں یونیورسٹی کی UI GreenMetric ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میں شمولیت نمایاں ہے ، جو ماحول دوست اقدامات، شجرکاری اور پائیدار تعلیمی ماحول کے فروغ کیلئے یونیورسٹی کی کوششوں کا اعتراف ہے ۔اسی طرح یونیورسٹی کے زیر اہتمام چار بین الاقوامی کانفرنسز کا کامیاب انعقاد بھی اہم پیشرفت ہے ، جن میں ملکی اور غیر ملکی ماہرین تعلیم، سائنسدانوں اور محققین کو علمی تبادلے اور بین الاقوامی تحقیقی تعاون کے مواقع ملے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments