روہڑی:گاؤں غلام مصطفی کا پرائمری اسکول 16سال سے بوسیدہ

روہڑی:گاؤں غلام مصطفی کا پرائمری اسکول 16سال سے بوسیدہ

عمارت کھنڈر بن چکی، طلبا وطالبات خوف کے سائے میں تعلیم حاصل کرنے پرمجبور

روہڑی (نمائندہ دنیا)روہڑی کے نواحی علاقے دبر کے گاؤں غلام مصطفیٰ جاگیرانی کا گورنمنٹ پرائمری اسکول گزشتہ 16 سال سے بوسیدہ ہے ۔ اسکول کی عمارت کھنڈر بننے سے طلبا وطالبات خوف کے سائے میں کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ فرنیچر سمیت بنیادی سہولیات بھی ناپید ہیں۔ اسکول کی بحالی اور نئی عمارت کی تعمیر کیلئے علاقہ مکینوں اور طلبا وطالبات نے مظاہرہ کرتے ہوئے محکمہ تعلیم اور متعلقہ حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے بتایا کہ 2010ء کے تباہ کن سیلاب اور بارشوں کے دوران اسکول کی عمارت شدید متاثر ہوئی تھی، جو وقت گزرنے کے ساتھ کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہے۔

عمارت کی خستہ حالی اس قدر خطرناک ہوچکی ہے کہ کسی بھی وقت بڑا حادثہ پیش آسکتا ہے ، جس کے باعث بچوں کو عمارت کے اندر بٹھانے کے بجائے کھلے آسمان تلے تعلیم دی جا رہی ہے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ 16 سال کے دوران متعدد شکایات اور مطالبات کے باوجود نہ اسکول کی عمارت دوبارہ تعمیر کی اور نہ ہی مرمت کیلئے کوئی مؤثر اقدام اٹھایا گیا۔ اسکول میں فرنیچر، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات تک دستیاب نہیں ہیں، جس سے بچوں کی تعلیمی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت تعلیم کے فروغ اور معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے دعوے تو کرتی ہے ، لیکن زمینی حقیقت یہ ہے کہ دیہی علاقوں کے معصوم بچے آج بھی بنیادی تعلیمی سہولیات سے محروم ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...