ٹریفک روانی: 6 چوک کھلے کرنے کیلئے 1 ارب 60 کروڑ منظور
لاہور(شیخ زین العابدین)ایل ڈی اے گورننگ باڈی نے ٹیپا کو چھ چوک کھلے کرنے اور ٹریفک انجینئرنگ کرنے کی منظوری دے دی، چھ انٹر سیکشن کے لیے ایک ارب 60 کروڑ 74 لاکھ روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق شہر کے موجودہ روڈ انفراسٹرکچر میں خاطر خواہ بہتری نہ لانے کی وجہ سے ٹریفک روانی شدید متاثر ہورہی ہے ، ٹریفک بہاؤ کو بہتر بنانے اور ٹریفک جام رہنے کے مسائل حل کرنے کا پلان بنا لیا گیا، ٹریفک جام رہنے والے چھ انٹر سیکشن کو اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا، ایل ڈی اے گورننگ باڈی نے ٹیپا کو چھ چوک کھلے کرنے اور ٹریفک انجینئرنگ کرنے کی منظوری دے دی، چھ انٹر سیکشن کے لیے ایک ارب 60 کروڑ 74 لاکھ روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی، قادر توپاش چوک خیابان جناح، کھوکھر چوک عبدالحق روڈ کی بحالی کا کام کیا جائے گا، گجومتہ چوک فیروز پور روڈ اور جوڑے پل ضرار شہید روڈ کی بحالی بھی کی جائے گی، شملہ ہل جنکشن اور نشتر چوک فیروز پور روڈ پر ٹریفک روانی کو بہتر بنایا جائے گا، قادر توپاش چوک خیابان جناح کی اپ گریڈیشن پر 44 کروڑ ایک لاکھ روپے کی رقم خرچ کی جائے گی، کھوکھر چوک کی بحالی پر 13 کروڑ 98 لاکھ، گجومتہ پر 20کروڑ 51 لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے، جوڑے پل پر 20کروڑ 16 لاکھ، شملہ ہل 26 کروڑ 74 لاکھ اور نشتر چوک پر 35 کروڑ 39 لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے، چھ انٹر سیکشنز پر ٹریفک جام رہنا سموگ کا سبب بھی بن رہا ہے۔