لٹن روڈ پر3کروڑ لاگت سے لینڈ سکیپنگ منصوبہ مکمل
نئی گرِل والی باؤنڈری وال اور گرینائٹ ٹائلز والا واک وے منصوبے کا نمایاں حصہ
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے شہر میں لینڈ سکیپنگ کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے ۔تین کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے لٹن روڈ پر جدید سہولیات سے آراستہ منصوبہ مکمل کر دیا گیا ہے ،جس کے ذریعے برسوں سے ناقابل استعمال سرکاری اراضی کو نہ صرف بحال کیا گیابلکہ اسے شہریوں کے لیے ایک مکمل تفریحی اور سماجی سرگرمیوں کا مرکز بنا دیا گیا ہے ۔منصوبے میں درخت، پودے ، گھاس اور آئیوی لگا کر پورے ایریا کی خوبصورتی دوبارہ ابھاری گئی ہے ،جبکہ پرگولا اور وسیع بیٹھنے کی جگہوں نے شہریوں کو معیاری بیٹھک کی بہترین سہولت فراہم کی ہے ۔علاقے میں نصب کیے گئے انرجی ایفیشنٹ ایل ای ڈی لائٹس والے آرائشی پولزنہ صرف ماحول کو روشن کرتے ہیں بلکہ سکیورٹی کے معیار کو بھی بہتر بناتے ہیں۔نئی گرِل والی باؤنڈری وال اور گرینائٹ ٹائلز والا واک وے اس منصوبے کا نمایاں حصہ ہے ،جو شہریوں کو محفوظ، صاف اور آرام دہ واک کا ماحول مہیا کرتا ہے ۔بچوں کے لیے جدید پلے ایریا تیار کیا گیا ہے جس میں ای پی ڈی ایم سافٹ فلورنگ، جھولے ، سیزا اور میری گوراؤنڈ شامل ہیں-جو پہلے کسی بھی سرکاری لینڈ سکیپنگ ایریا میں دستیاب نہیں تھی۔