36ایجوکیشن اتھارتیز میں مستقل افسر تعینات نہ ہوسکے
اہم عہدوں کے خالی رہنے سے انتظامی امور شدید متاثر ہو رہے :ذرائع
لاہور (عاطف پرویز سے ) محکمہ سکول ایجوکیشن کے متعدد اعلانات کے باوجود پنجاب کی 36 ایجوکیشن اتھارٹیز میں مستقل افسران کی تعیناتیاں اب تک مکمل نہیں ہو سکیں۔ یہ اتھارٹیز صوبے کے ایک لاکھ سے زائد سرکاری و نجی سکولوں کی نگرانی کرتی ہیں، مگر اہم عہدوں کے خالی رہنے سے انتظامی امور شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ کئی اضلاع میں معاملات اضافی چارج پر چلائے جا رہے ہیں، جس سے فیلڈ لیول مانیٹرنگ اور پالیسی عملدرآمد میں مشکلات بڑھ گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن نے پہلی بار ٹیسٹ اور انٹرویو کے ذریعے تعیناتیوں کا فیصلہ کیا تھا، تاہم مقررہ معیار پر پورا اُترنے والے افسران دستیاب نہیں ہو سکے ۔ حتیٰ کہ ایک گریڈ کم کرنے کے باوجود بھی مناسب امیدوار نہیں ملے ، جس کے باعث متعدد اتھارٹیز مستقل سربراہوں سے محروم ہیں۔ پنجاب ٹیچر یونین کے صدر کاشف شہزاد نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امیدواروں کی شارٹیج ہے تو سینئر افسران کو بھی تعیناتی کا موقع دیا جائے ۔ ان کے مطابق کچھ اضلاع میں تعینات افسران تبادلے کے خواہشمند ہیں اور بعض جگہ اضافی چارج کے ذریعے کام چلایا جا رہا ہے ، جو تعلیمی نظام کے لیے نقصان دہ ہے ۔