نمازِ عید پر 3لیئرز پر مبنی فول پروف سکیورٹی کی ہدایت
عبادتگاہوں میں ہر شخص کی تلاشی، راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے :محکمہ داخلہ
لاہور (اے پی پی)وزیراعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ داخلہ نے پولیس اور انتظامیہ کو پنجاب بھر میں فول پروف حفاظتی انتظامات کی ہدایات جاری کی ہیں۔ نمازِ عید کے دوران 3لیئرز پر مبنی فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے ، تمام عبادت گاہوں کی کڑی نگرانی ،اضافی اہلکار تعینات کرنے سمیت ہدایت کی گئی ہے کہ واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرکے عبادت گاہوں میں داخل ہونیوالے ہر شخص کی بذریعہ میٹل ڈیٹیکٹر جسمانی تلاشی لی جائے ۔ پارکنگ ایریاز پنڈال سے محفوظ فاصلے پر مختص ،مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف میں موثر کومبنگ آپریشنز مکمل کیے جائیں۔ ہوٹلز، ریسٹورنٹس، عید بازاروں اور عوامی مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سخت نگرانی یقینی بنائی جائے ۔ عبادت گاہوں کے اطراف ٹریفک روانی کیلئے موثر ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے ۔ اسلحے کی نمائش پر پابندی کا نفاذ کیا جائے ۔ تمام شہروں اور بین الصوبائی داخلی خارجی راستوں پر چیک پوسٹس قائم کی جائیں۔ سی سی پی او لاہورسمیت صوبہ بھر میں تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز ، آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز کو سکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔