650 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 576جرائم پیشہ افرادگرفتار
اڑھائی کلو بارودی مواد، 12 ڈیٹونیٹرز ، 37 فٹ سیفٹی فیوز وائر برآمد
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور سمیت صوبہ بھر میں 650 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے ، جن کے دوران 12 ہزار 711 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 576 جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ آپریشنز کے دوران شرپسند اور ملک دشمن عناصر کے قبضے سے اڑھائی کلوگرام سے زائد بارودی مواد، 12 ڈیٹونیٹرز، 4 کلاشنکوفیں اور 37 فٹ سیفٹی فیوز وائر برآمد کی گئی، اسی عرصے کے دوران صوبہ بھر میں 9 ہزار 134 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے ، جن میں 3 لاکھ 9 ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 1 ہزار 595 جرائم پیشہ و مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ان کومبنگ آپریشنز کے دوران ملزمان کے قبضے سے 5 کلاشنکوفیں، 23 رائفلیں، 187 پسٹل، 9 بندوقیں اور بڑی تعداد میں گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔ اس حوالے سے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی ہے کہ ملک دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ اور کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے ۔