’’پاکستان میں اقلیتی مسائل،نمائندگی کا بحران ‘‘پر سیمینار
اقلیتی نمائندگی کو صرف رسمی نہ رکھا جائے :رمیش اوروڑا ودیگر کاخطاب
لاہور (خبر نگار)صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے فارمن کرسچن کالج یونیورسٹی کے سینٹر فار پبلک پالیسی اینڈ گورننس کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار بعنوان پاکستان میں اقلیتی مسائل: سیاسی خودمختاری یا پارٹی پراکسی-نمائندگی کا بحران میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔اپنے خطاب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو آئینی طور پر نمائندگی حاصل ہے ، تاہم موجودہ انتخابی طریقہ کار میں بہتری کی گنجائش موجود ہے تاکہ اقلیتی نمائندے حقیقی معنوں میں اپنی کمیونٹیز کی آواز بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی بااختیار نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے ۔اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کرنا اور انہیں فیصلہ سازی کے عمل میں مؤثر کردار دینا ایک مضبوط اور ہم آہنگ معاشرے کی بنیاد ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اقلیتی نمائندگی کو صرف رسمی نہ رکھا جائے بلکہ اسے حقیقی معنوں میں بااختیار بنایا جائے ۔