نرس کے مبینہ غلط انجکشن سے 20سالہ مریضہ کی حالت غیر
نرس نے مریضہ کو نیند کی حالت میں ایک کے بعد ایک پانچ انجکشن لگا دیئے واقعہ کا فوری نوٹس لے کر ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے :اہل خانہ
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )نرس کے مبینہ غلط انجکشن سے 20 سالہ مریضہ کی حالت غیر،متاثرہ مریضہ اشمل کے شوہر کاشف کے مطابق اشمل کے ہاں کچھ روز قبل بچے کی پیدائش ہوئی جس کے بعد اسے گائنی فرسٹ فلور پر منتقل کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ سٹاف نرس نے مریضہ کو نیند کی حالت میں ایک کے بعد ایک پانچ انجکشن لگا دیئے ، جس کے فوری بعد مریضہ کے منہ سے جھاگ نکلنا شروع ہو گیا اور اس کی حالت تشویشناک ہو گئی۔ اہل خانہ کے مطابق مریضہ کی حالت بگڑنے پر اسے فوری طور پر سی ٹی سکین کے لیے منتقل کیا گیا، مریضہ کے والد منیر نے بھی اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ ان کی بیٹی کو سوتی حالت میں پانچ انجکشن لگائے گئے ، دوسری جانب معاملے نے اس وقت نیا رخ اختیار کر لیا جب یہ الزام سامنے آیا کہ ہسپتال انتظامیہ نے مریضہ سے زبردستی ویڈیو بیان ریکارڈ کرایا۔ جبکہ والد کا کہنا ہے کہ اس عمل کے وقت انہیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔متاثرہ خاندان نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ واقعہ کا فوری نوٹس لیا جائے۔ اس حوالے سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔