ٹولنٹن مارکیٹ فیز ٹو میں تاخیر، لاگت کئی گنا بڑھ گئی
70کروڑسے شروع ہونے والا منصوبہ 1 ارب 69 کروڑ سے تجاوز کر چکا
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور کی تاریخی ٹولنٹن مارکیٹ کے فیز ٹو منصوبے میں تاخیر نے لاگت کو کئی گنا بڑھا دیا ۔70کروڑ سے شروع ہونے والا منصوبہ اب ایک ارب 69 کروڑ روپے سے تجاوز کر چکا ہے ۔پنجاب حکومت نے مشروط اجازت تو دے دی، مگر فنڈز تاحال مختص نہیں کیے گئے ۔ منصوبے کا آغاز اب سپلیمنٹری گرانٹ اور خصوصی منظوری سے مشروط ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹولنٹن مارکیٹ کے فیز ٹو منصوبے میں تاخیر کے باعث لاگت میں غیر معمولی اضافہ سامنے آیا ہے، جہاں ابتدائی طور پر 70 کروڑ روپے کا تخمینہ اب بڑھ کر ایک ارب 69 کروڑ 67 لاکھ روپے تک جا پہنچا ہے ۔ذرائع کے مطابق فیز ون کی تکمیل کے بعد پنجاب حکومت نے فیز ٹو کی ذمہ داری لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو سونپ دی، جبکہ منصوبے کے آغاز کے لیے مشروط اجازت بھی دے دی گئی ہے ۔محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے اپنے تحفظات دور ہونے کے بعد منصوبہ شروع کرنے کی ہدایت تو جاری کر دی۔ تاہم مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں اس منصوبے کے لیے کوئی فنڈز مختص نہیں کیے گئے ۔