الغازی نے 6لاکھ ٹریکٹرز کی تاریخی پیداوار مکمل کر لی
چار دہائیوں پر محیط سفر، پاکستانی زراعت کے لیے ایک سنگِ میل
لاہور(سٹاف رپورٹر ) الغازی ٹریکٹرز نے پاکستان کی صنعتی اور زرعی تاریخ میں ایک نمایاں سنگِ میل عبور کرتے ہوئے اپنے 600,000 ویں ٹریکٹر کی پیداوار مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ اس موقع پر ایک خصوصی تقریب ڈیرہ غازی خان میں واقع کمپنی کے پیداواری پلانٹ میں منعقد ہوئی، جہاں 1983 میں پیداوار کا آغاز کیا گیا تھا۔اس تاریخی موقع پر تیار کیا جانے والا ٹریکٹر \'\'غازی 640 \"ماڈل تھا، جو الغازی ٹریکٹرز کی سب سے مقبول اور قابلِ اعتماد مصنوعات میں شمار ہوتا ہے اور دہائیوں سے پاکستانی کسانوں کے لیے مضبوطی اور پائیداری کی علامت رہا ہے۔
ڈیرہ غازی خان میں واقع 39 لاکھ مربع فٹ پر محیط پیداواری یونٹ کمپنی کی مینوفیکچرنگ سرگرمیوں کا مرکز ہے اور گزشتہ 42 برسوں سے پاکستان میں زرعی مشینری کی مقامی پیداوار کو فروغ دے رہا ہے ۔ اس موقع پر کمپنی کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی اور اس کامیابی کو پاکستان کے زرعی اور صنعتی شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔