سندر انڈسٹریل اسٹیٹ :سیوریج بند،پانی سے سڑک ٹوٹ گئی
مانگا روڈ ،سندر روڈ کے نالے کئی سالو ں سے صفائی نہ ہونے سے ابل پڑے
لاہور ( این این آئی)میٹروپولیٹن کارپوریشن کی غفلت سے اربوں روپے آمدن دینے والا سندر انڈسٹریل سٹیٹ روڈ خستہ حالی کا شکار ہو گیا،رائے ونڈ انڈسٹریل زون میں سیوریج سسٹم اور نالہ جات کی صفائی نہ ہونے سے سیوریج اوور فلو ہونے سے کروڑوں روپے لاگت سے بننے والی سٹرک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے افسران کی نااہلی کی وجہ سے موسم برسات سے قبل ہی انڈسٹریل زون مانگا روڈ ،سندر روڈ کے نالہ جات کئی سالو ں سے صفائی نہ ہونے سے ابل پڑے ہیں ،مانگا روڈ اور سندر روڈ پر جگہ جگہ بارشی اور سیوریج کے پانی سے سڑکیں ٹوٹ چکی ہیں ،گڑھوں کی وجہ سے گاڑیاں تباہ ہورہی ہیں ،مال بردار گاڑیوں کا گزرنا محال ہو چکا ہے ،نالہ جات پر طویل عرصے سے قائم عارضی اور مستقل پختہ تجاوزات کی وجہ سے نالہ جات بند پڑے ہیں ، رائے ونڈ شہر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے رحم وکرم پر ہے ۔