چونیاں:وائلڈ لائف کا کریک ڈاؤن، متعدد شکاری گرفتار
سامان،شکار نایاب جنگلی پرندے ،جانور قبضے میں لے لئے ،لاکھوں جرمانہ
تلونڈی، چھانگا مانگا (نامہ نگاران)ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف پنجاب کی ہدایات پر پنجاب وائلڈ لائف رینجرز نے چھانگا مانگا جنگل سمیت سرکل چونیاں کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی شکار کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔غیر قانونی شکار میں استعمال سامان اور شکار کیے گئے نایاب و محفوظ جنگلی پرندے اور جانور بھی قبضے میں لے لیے گئے ۔وائلڈ لائف حکام کے مطابق بدھوکی، لعناسنگھ، آہلووال، بھیڑ، سوڈیوال، شاہ عنایت اور گردونواح میں سرپرائز آپریشنز کیے گئے ۔غیر قانونی شکار پر مجموعی طور پر 2 لاکھ 35 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ ضلع قصور بھر میں کارروائیوں کے دوران غیر قانونی شکاریوں پر مجموعی طور پر 5 لاکھ روپے کے جرمانے کیے گئے ۔چھانگا مانگا جنگل میں مبینہ طور پر غیر قانونی شکار کروانے کا انکشاف سامنے آیا، وائرل تصاویر میں غیر ملکی سیاحوں کو شکار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس کے بعد محکمہ وائلڈ لائف کے افسران نے معاملے کا نوٹس لیا۔اسسٹنٹ ڈپٹی چیف وائلڈ لائف لاہور ریجن کے مطابق تصاویر سامنے آنے کے بعد اس معاملے میں مبینہ طور پر ملوث دو ملازمین کو فوری طور پر معطل کر دیا،مزید تحقیقات کیلئے اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر لاہور اور اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر شیخوپورہ پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے ۔وائلڈ لائف حکام کا کہنا ہے کہ کمیٹی دو روز کے اندر شفاف تحقیقات مکمل کرکے اپنی رپورٹ پیش کرے گی، جس کی روشنی میں ذمہ دار افراد کے خلاف مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments