رانا ثنا سستی شہرت کیلئے ہرزہ سرائی کررہے :پیپلز پارٹی
ن لیگ کو آزاد کشمیر کے انتخابات میں شکست کا واضح خدشہ ہے :خالق ورک، منیر واہگہ
شیخوپورہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)پیپلزپارٹی کے رہنماچودھری خالق عزیز ورک ،چودھری منیر قمر واہگہ نے کہا ہے کہ رانا ثناء اﷲ سستی شہرت کیلئے پیپلزپارٹی کیخلاف ہرزہ سرائی کررہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی قیادت پر انگلی اٹھانے سے پہلے رانا ثنا کو ماڈل ٹاؤن کے خون کا حساب دینا چاہیے ۔کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات کا سامنا کرنے والے عناصر کو اخلاقیات، دیانت داری اور شفافیت پر بات کرنے کا کوئی اخلاقی جواز حاصل نہیں ۔مسلم لیگ (ن) کی موجودہ سیاسی بے چینی اس بات کی غماز ہے کہ اسے آزاد کشمیر کے انتخابات میں شکست کا واضح خدشہ ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کے دوران ان رہنماؤں نے کہاکہ سندھ حکومت کیخلاف زہر اگلنے والوں کو پہلے شریف خاندان کی مبینہ مالی بے ضابطگیوں، بیرون ملک جائیدادوں اور دیگر معاملات کا جواب دینا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ رانا ثنا ہوش کے ناخن لیں اور سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے بے بنیاد بیانات دینے سے گریز کریں کیونکہ پیپلز پارٹی کیخلاف ہر الزام اور ہر بیان کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔ ۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی سیاست سے پوری قوم واقف ہے ، پی پی پی نے ہمیشہ وفاق کی سیاست کی ہے اور پاکستان کو خودمختاراور چاروں صوبوں کو یکجا رکھنے کیلئے ہر ممکنہ کوششیں کی ہیں۔، پیپلزپارٹی کو ہدف تنقید بناکر سستی شہرت حاصل کرنیوالوں کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments