مہنگا پٹرول، حکمران عیاشیاں، لوگ بھوکے مررہے :جماعت اسلامی
پٹرول قیمت دو سال کیلئے 225 روپے لٹر کی جائے :تحفہ دستگیر، عرفان پڈھیار ودیگر
ننکانہ صاحب (خبر نگار ) جماعت اسلامی ضلع ننکانہ صاحب نے بھی7اگست کو مرکزی شاہراہ بند کرکے احتجاج کا اعلان کر دیا، پٹرول کی قیمت کو دو سال کیلئے 225 روپے لٹر مقرر کرنے کا مطالبہ کردیا۔ ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی وسطی پنجاب رانا تحفہ دستگیر نے ضلعی امیر مہر عرفان حیدر پڈھیار، نائب امیر حبیب ضیاء اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری ملک محمد اسلم کے ہمراہ ننکانہ پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکمران طبقہ اپنی عیاشیاں اور فضول خرچیوں ختم کرنے کی بجائے عام آدمی پر بوجھ ڈال رہے ہیں، اراکین پارلیمنٹ نے اپنی تنخواہوں میں 6 سو گنا جبکہ سرکاری ملازم کی تنخواہ میں صرف سات فی صد اضافہ کیا، ایک طرف ملک میں لوگ بھوک سے مر رہے ہیں جبکہ حکمران اپنی عیاشیوں کیلئے نئے جہاز اور گاڑیاں خرید رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ہوشربا اضافے سے براہ راست عام آدمی متاثر ہورہا ہے اور مہنگائی میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے جس سے عام آدمی کا جینا مشکل سے مشکل ہوتا جا رہا ہے ، جماعت اسلامی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس وقت ساری سیاسی جماعتیں اپنے اپنے مفادات کے حصول میں مصروف ہیں اور کسی کو بھی عوام کی فکر نہیں ہے ، جماعت اسلامی نے سب سے پہلے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو روزانہ کی بنیاد پر طے کرنے کے فیصلے کے خلاف آواز بلند کی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments