نشتر کالونی :حکومت کاکروڑوں کا منصوبہ لنڈا بازارمیں تبدیل
سہولت بازار سے سرکاری آٹاغائب‘ اتوار بازار بند‘ شہری‘ دکاندار‘ ریڑھی بان پریشان
لاہور(آن لائن)مہنگائی کے دور میں پسے ہوئے غریب عوام کو ریلیف دینے اور ریڑھی بانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنے کے حکومتی دعوے دم توڑ نے لگے ۔ نشتر کالونی میں حکومتِ پنجاب کی جانب سے عوام کے کروڑوں کے ٹیکسوں سے بنایا جانے والاسہولت بازار ضلعی انتظامیہ نااہلی سے لنڈا بازار میں تبدیل ہو گیا۔ جس منصوبے کو ماڈل بازار بننا تھا، وہاں اب ہر اتوار اور جمعرات کو لنڈا بازار سجا دیا جاتا ہے ، بازار میں غریب کی بنیادی ضرورت سرکاری آٹا غائب ہے ، مٹن کا نام و نشان نہیں،چکن مافیا من مانے ریٹ سے غریبوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہا ہے۔
کروڑوں خرچ کرنے کے باوجود یہ بازار آج تک نامکمل اور بدانتظامی کا شاہکار ہے ۔دوسری طرف انتظامیہ کے فیصلے پر نشتر کالونی کے وسیع گراؤنڈ میں سالہا سال سے لگنے والاتوار بازار مستقل بند کر دیا گیاہے جو سینکڑوں غریب دکانداروں اور ریڑھی بانوں کے معاشی قتلِ عام کے مترادات ہے ۔ بازار بندہونے سے سینکڑوں گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں اور بچے فاقوں پر مجبور ہیں۔ نشتر کالونی اور نواحی علاقوں کے مکینوں اور متاثرہ دکانداروں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور کمشنر لاہور ڈویژن سے مطالبہ کیا ہے کہ سہولت بازار کو لنڈا بازار بننے سے روکا جائے ، آٹا فراہمی یقینی بنائی جائے اور گراؤنڈ میں لگنے والے اتوار بازار کو بھی بحال کیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments