ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر شہرمیں جنرل ہولڈ اپ
کم عمر ڈرائیورز، بغیر لائسنس و ہیلمٹ گاڑی ، موٹرسائیکل چلانے پر سخت کارروائی ہوگی
لاہور (کرائم رپورٹر )سٹی ٹریفک پولیس لاہورکا کم عمر ڈرائیورز، بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں، بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں، ون وے کی خلاف ورزی اور موٹرسائیکل پر تین سواروں کیخلاف شہر بھر میں جنرل ہولڈ اپ کا فیصلہ، اس دوران خلاف ورزی کرنیوالوں کے چالان کے ساتھ کم عمر ڈرائیورز کی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بھی بند کی جائینگی۔ سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ چھٹی کے روز بچے گھروں سے موٹرسائیکلیں، گاڑیاں اور رکشے لے کر سڑکوں پر آجاتے ہیں، جو حادثات کا سبب بنتے ہیں۔ کم عمری میں کار اور موٹرسائیکل چلاناکسی صورت قبول نہیں۔ والدین بچوں کو ہرگز گاڑی یا موٹرسائیکل نہ دیں۔
کم عمر ڈرائیور کی موٹرسائیکل جووینائل پرمٹ دکھانے پر چھوڑی جائیگی جبکہ ون وے کی خلاف ورزی پر پہلے چالان اور بار بار خلاف ورزی پرمقدمہ درج ہوگا۔ محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے موٹرسائیکل پر تین افراد کے سوار ہونے پربھی کارروائی ہو گی۔ لرنر پرمٹ پر گاڑی چلانے کی اجازت نہیں۔ بغیر لائسنس کار چلانے پر پانچ ہزار جبکہ موٹرسائیکل چلانے پر دو ہزار جرمانہ ہو گا اور گاڑی بھی بند کی جائیگی۔ لائسنس دفاتر کے باہر بھی خصوصی ہولڈ اپ کیا جائے گا، جہاں موٹرسائیکل سواروں کو لائسنس بنوانے کی ہدایت کی جائیگی۔ تمام سرکل افسروں کو اپنی نگرانی میں کریک ڈاؤن یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments