پاکستان آلودگی سے متاثرہ 10ممالک میں شامل ،محکمہ زراعت
ملتان(وقائع نگار خصوصی )ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے ان10 ممالک میں سے ایک ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں اور فضائی آلودگی کا شکار ہیں۔ سموگ ماحولیاتی آلودگی کی ایک خطرناک قسم ہے ۔
ٹھہری ہوئی ہوا میں موجود گیسیں مثلاً کاربن مونو آکسائیڈ، نائٹروجن آکسا ئیڈ، میتھین، سلفر ڈائی آکسائیڈاور ہائیڈرو کاربن وغیرہ کے ذرات مل کر سموگ کا روپ دھار لیتے ہیں۔ سموگ فضائی آلودگی کی وہ قسم ہے جو انسانوں، جانوروں اور پودوں کے علاوہ پورے ماحول کو آلودہ کر دیتی ہے ۔ سموگ ہوا میں معلق رہتا ہے اور زمین کی سطح کے قریب ہونے کی وجہ سے ہر جاندار بشمول پودوں کو نقصان پہنچاتا ہے ۔سموگ کی زیادتی کی صورت میں پودوں کی بڑھوتری کا عمل رک جاتا ہے اور فصلات کو بہت نقصان پہنچتا ہے ۔سموگ بننے کی وجوہات میں ٹریفک اور فیکٹریوں سے نکلنے والے دھوئیں کے علاوہ فصلوں کی باقیات کو آگ لگانا بھی شامل ہے ۔اس ضمن میں محکمہ زراعت کی طرف سے کاشتکاروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ سموگ سے بچاؤ کے لئے کاشتکار دھان کی کٹائی کے بعد فصل کی باقیات کو آگ ہر گز نہ لگائیں کیونکہ اس عمل سے فضائی آلودگی (سموگ) پیدا ہوتی ہے ۔ دھان کی فصل ابھی برداشت سے کٹائی کی طرف جا رہی ہے ۔