بہادر،منظم،پیشہ ور فوج قومی بقاکی ضمانت، ثاقب خورشید
وہاڑی(خبرنگار،نمائندہ خصوصی )مسلم لیگ ن کے رکنِ صوبائی اسمبلی میاں ثاقب خورشید نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم قوم ہے جس کی بقا، عزت اور وقار ہمیشہ اس وقت محفوظ رہے جب اس نے بہادر، منظم اور پیشہ ور فوج کو اپنا محافظ بنایا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتی ہے اور حالیہ عرصے میں ہر محاذ پر دشمن کے عزائم خاک میں ملا کر قومی دفاع کی سچائی کو عالمی سطح پر تسلیم کروایا ہے ۔ بھارت کے چھ طیارے مار گرائے جانے اور دشمن کے سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی عسکری صلاحیت اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کا واضح ثبوت ہے ۔، جبکہ حالیہ ’’بنیان المرصوص‘‘ آپریشن نے بھی پاک فوج کی جرأت، عزم اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کو پوری دنیا کے سامنے نمایاں کیا۔ میاں ثاقب خورشید نے اس افسوس کا اظہار کیا کہ کچھ عناصر، خصوصاً سوشل میڈیا پر جھوٹ پھیلانے والے فیک اکاؤنٹس اور چند یوٹیوبرز بیرونی ایجنڈے پر کام کرتے ہوئے قوم میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی بہن عظمیٰ خان کی ایک بھارتی چینل پر پاکستان مخالف گفتگو کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی مفادات کے لیے قومی وقار کو نقصان پہنچانا ناقابلِ برداشت ہے ۔