بی آئی ایس پی والٹ کیلئے طویل سفر، خواتین پریشان

بی آئی ایس پی والٹ کیلئے طویل سفر، خواتین پریشان

روزانہ 40 کلومیٹر کا سفر اور اضافی اخراجات برداشت کرنے پر مجبور

عبدالحکیم (نامہ نگار، سٹی رپورٹر) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے والٹ بنوانے کے لیے عبدالحکیم کی خواتین کو روزانہ چالیس کلو میٹر سفر کر کے تحصیل کبیر والا جانا پڑتا ہے ، جس کے باعث غریب اور نادار خواتین شدید مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔ خواتین کو طویل سفر کے ساتھ اضافی اخراجات، رش اور لمبی قطاروں کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے ، جو ان کی پریشانی میں مزید اضافہ کر دیتا ہے ۔علاقہ مکینوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی وائلٹ کی سہولت اگر عبدالحکیم میں ہی فراہم کر دی جائے تو خواتین کا قیمتی وقت اور مالی وسائل بچ سکتے ہیں، جبکہ انہیں درپیش رہنمائی اور رجسٹریشن کے مسائل میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ مستحق خواتین پہلے ہی محدود آمدنی اور گھریلو ذمہ داریوں کے باعث مشکلات سے دوچار ہیں، ایسے میں روزانہ کا طویل سفر ان کے لیے مزید پریشانی کا باعث ہے ۔سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ خواتین کی بڑی تعداد مالی مدد کے لیے بی آئی ایس پی پر انحصار کرتی ہے ، اس لیے وائلٹ سینٹر کو مقامی سطح پر قائم کرنا نہایت ضروری ہے ۔ علاقہ بھر کی خواتین اور شہریوں نے مطالبہ کیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام فوری طور پر عبدالحکیم میں والٹ سینٹر قائم کرے تاکہ سینکڑوں مستحق خواتین کو حقیقی ریلیف مل سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں