سابق ڈی سی کوٹ ادو پر زمین پر قبضہ کے الزامات
تبادلے رات غیر قانونی فیصلہ سناکرقبضہ مافیا کوپندرہ کنا ل رقبہ دلایاہائیکورٹ اور اینٹی کرپشن سے رجوع کیا جائے گا،میاں امجد عباس
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)سابق سینیٹر میاں امجد عباس قریشی نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تبدیل ہونے والے ڈپٹی کمشنر سید منور عباس بخاری پر سنگین الزامات عائد کیے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق ڈی سی نے اپنے تبادلے کی رات قبضہ مافیا کے حق میں غیر قانونی فیصلہ سنایا اور 1933 سے ان کے اباؤ اجداد کی ملکیت وراثتی اراضی پر قبضہ کروا دیا۔سینیٹر کے مطابق کھاتہ نمبر 633 موضع ہاڑ شرقی میں واقع زمین کی مجموعی ملکیت تقریباً 25 کنال ہے ، جس میں سے 15 کنال میاں غلام عباس اور 9 کنال رضیہ بی بی کے نام ہیں۔ محکمہ مال کی رپورٹ کے مطابق زمین میں 9 کنال زائد بھی ظاہر کی گئی اور قبضہ گروپ کو 15 کنال سے زائد رقبہ دلوا دیا گیا۔
میاں امجد عباس قریشی نے الزام عائد کیا کہ سابق ڈی سی منور عباس بخاری نے پیرافورس، نائب تحصیلدار، حلقہ پٹواری اور قانونگو کے ساتھ ملی بھگت کرکے قبضہ مافیا کو زمین دلائی۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران 3 ارب روپے کے ریونیو ٹیکس میں خوردبرد بھی ہوئی اور دیگر بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔سابق سینیٹر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس مدت میں پاس ہونے والی تمام رجسٹریوں کا آڈٹ کیا جائے تاکہ حقائق سامنے آئیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ سابق ڈی سی کے خلاف ہائیکورٹ اور اینٹی کرپشن میں رجوع کریں گے اورمعاملے کو ہر فورم پر اٹھائیں گے ۔ پریس کانفرنس میں میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد موجود تھی۔