بلا جواز چالان ، مقدمات سے شہری خوفزدہ
ہر ٹریفک اہلکار کو یومیہ کم از کم 30 چالان کرنے کا ہدف دیا گیا ،تکمیل کے لیے مختلف مقامات پر ناکہ بندی پوائنٹس قائم ، بلا جواز چالان بند کئے جائیں :شہری
فیصل آباد (عبد الباسط سے ) شہریوں نے ٹریفک پولیس افسران اور ملازمین کی جانب سے مبینہ طور پر بلاجواز چالان کیے جانے پر شدید شکایات درج کروائیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس افسران حکومت پنجاب کے احکامات کو بہانہ بنا کر اپنے چالان اہداف پورے کرنے کے لیے شہریوں پر بھاری مالیت کے چالان کر رہے ہیں، جس سے شہری گھروں سے نکلنے میں خوف محسوس کرتے ہیں اور پبلک ٹرانسپورٹ کا سہارا لینے پر مجبور ہیں۔ذرائع کے مطابق شہر بھر میں ہر ٹریفک اہلکار کو یومیہ کم از کم 30 چالان کرنے کا ہدف دیا گیا ہے ، جس کی تکمیل کے لیے مختلف مقامات پر ناکہ بندی پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔
شہریوں کے پاس تمام دستاویزات اور ہیلمٹ موجود ہونے کے باوجود انہیں مختلف اعتراضات کے بہانے بھاری مالیت کے چالان کیے جا رہے ہیں۔شہریوں نے یہ بھی شکایت کی کہ ٹریفک پولیس اپنی اصل ذمہ داریوں پر توجہ دینے کے بجائے محض چالان مہم میں مصروف ہے ، جس کے نتیجے میں شہر بھر کی شاہراہوں پر ٹریفک جام اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ علاوہ ازیں، بعض شہریوں کے خلاف مبینہ طور پر زبردستی مقدمات بھی درج کیے جا رہے ہیں، جس سے شہری خوفزدہ ہیں۔شہری مطالبہ کر رہے ہیں کہ ٹریفک پولیس حکام نظام ٹریفک کو بہتر بنانے اور شہریوں کے بلاجواز چالان کرنے کے سلسلے کو فوری طور پر روکے تاکہ شہری بلا خوف و خطر اپنی منزل مقصود تک پہنچ سکیں۔