دھنوٹ:گٹرمیں گر کر جاں بحق ہونیوالا بچہ سپرد خاک
والدہ کتابیں اور بستہ دیکھ کر روتی رہی ، حکومت کا 10 لاکھ امداد کا اعلان
کہروڑپکا(نمائندہ دنیا )دھنوٹ میں کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونیوالا سات سالہ بچہ آہوں سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک،علاقے کی فضا سوگوار، والدہ کتابیں اور بستہ دیکھ کر روتی رہی ،پنجاب حکومت کی طرف سے غمزدہ فیملی کیلئے 10 لاکھ روپے مالی امداد ،دیگر بچوں کے تعلیمی اخراجات اور کفالت کرنے کا اعلان۔تفصیل کے مطابق گزشتہ سے پیوستہ روز دھنوٹ میں سات سالہ ریحان اپنے والد کے ہمراہ ناشتہ لینے گیا تو وہاں پر کھلے مین ہول میں گر گیا اس کو بچانے کے لیے اس کا والد مین ہول میں اتر گیا لیکن بچہ نہ مل سکا ۔اطلاع پر ریسکیو ٹیم نے مبینہ طور پر ایک گھنٹے بعد آپریشن شروع کیا اور بچے کو نیم مردہ حالت میں نکالا لیکن وہ طبی امداد کے دوران ہی جاں بحق ہو گیا۔
نماز جنازہ اور قل خوانی میں عبدالرحمٰن خان کانجو وزیر مملکت نواب رضی اﷲ، ایم پی اے شاہ محمد جوئیہ ،نواب امان اﷲخان ،ڈی پی او لودھراں سمیت ضلع بھر کی سیاسی وسماجی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔عبدالرحمٰن خان کانجو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت نے 10 لاکھ روپے مالی امداد اور تعلیمی اخراجات اور کفالت کرنے کا اعلان بھی کیا ہے جبکہ مرتکب افراد اور محکمہ کے خلاف ضابطہ کی کارروائی کی یقین دہانی بھی کرائی۔