اسلام آباد میں بلدیا تی الیکشن کیلئے جماعت اسلامی کا مظاہرہ
جلد اعلان نہ کیا گیا تو الیکشن کمیشن کا گھیراؤ کرینگے،نصراللہ رندھاوا
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا نے اسلام آباد میں فوری بلدیاتی انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ اگر جلد اعلان نہیں کیا جاتا تو ہم الیکشن کمیشن آف پاکستان کا گھیراؤ کریں گے ، الیکشن کمیشن بھی بلدیاتی انتخابات نہ کرانے میں حکومت کے ساتھ ملا ہوا ہے۔ اتوار کو جماعت اسلامی اسلام آباد کے زیراہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں ہزاروں شہریوں نے شرکت کی اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پر شدید نعرے بازی کی ۔سیکرٹری جنرل زبیر صفدر ، صدر انجمن تاجران کاشف چودھری، ہما ایوب سمیت دیگر نے خطاب کیا۔ نصراللہ رندھاوا نے کہاکہ اسلام آباد میں شہریوں کو پانی میسر نہیں جس کی ذمہ دار سی ڈی اے ، وفاقی حکومت اور یہاں کی انتظامیہ ہے ۔ ایک فرد کو میئر ، چیئرمین سی ڈی اے اور کمشنر کے اختیارات دیئے گئے ہیں، تمام غیر قانونی آبادیوں کو رشوت لے کربسایاجا تاہے ، اسلام آباد کے شہریوں سے ملک بھر کے شہریوں سے زیادہ ٹیکس لیا جا تا ہے ،آئین کے تحت اسلام آبادکی صوبائی حکومت ہو نی چاہئے ۔اسلام آبادکو منتخب قیادت کے حوالے کیا جائے ۔