شعبہ صحت میں بہتری وزیراعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیح، سلمان رفیق
میڈیکل محض پیشہ نہیں ایک مقدس عہد بھی ہے، کانووکیشن سے خطابصوبائی وزیر صحت کی زیرصدارت اجلاس، ساملی کارڈیالوجی سنٹر جلد مکمل کرنیکی ہدایت
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ شعبہ صحت میں بہتری وزیراعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ پنجاب حکومت صوبے کے عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے دن رات کام کر رہی ہے، میڈیکل پروفیشن محض ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک مقدس عہد بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے 15ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر یونیورسٹی کے فریش گریجویٹس کو میڈلز اور ڈگریاں تفویض کی گئیں۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر محمد عمر نے یونیورسٹی کے پرو چانسلر خواجہ سلمان رفیق کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ دریں اثنا خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر ساملی مری کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، انہوں نے مذکورہ سنٹر کو مقررہ مدت میں پایا تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی۔