وہاڑی میں پی ایم ایم ایل کے انٹرا پارٹی انتخابات مکمل
پی پی 235، یو سی 88 اور یو سی 80 میں شفاف، منظم اور پرامن پولنگ خالد گلزار،عبدالوارث، یوسف قریشی یوسی صدر منتخب ہوگئے ، مبارکباد
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیرِ اہتمام پی پی 235 مدینہ ٹاؤن، یو سی 88 (PP-235B) اور یو سی 80 (PP-234B) میں انٹرا پارٹی انتخابات نہایت شفاف، منظم اور پرامن ماحول میں مکمل ہوئے ۔ تینوں حلقوں میں پولنگ صبح سے شام تک جاری رہی اور کارکنان، خواتین، نوجوانوں اور بزرگوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ ووٹ کاسٹ کیے ۔انٹرا پارٹی الیکشن کمیشن کے مطابق پی پی 235 مدینہ ٹاؤن (UC 235A) میں یوسی صدر خالد گلزار انتخابی نشان گھڑی سے 527 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ۔ یو سی 88 (PP-235B) میں صدر عبدالوارث انتخابی نشان فٹ بال سے 363 ووٹ کے ساتھ جیت گئے۔
یو سی 80 (PP-234B) میں محمد یوسف قریشی انتخابی نشان کیتلی سے 243 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ۔اس موقع پر رانا محمد شفیق، جنرل سیکرٹری پاکستان مرکزی مسلم لیگ وہاڑی، نے کہا کہ پارٹی کے نظریے ، نظم و ضبط اور عوامی خدمت کا مشن ہر گھر تک پہنچانا ہمارا پہلافرض ہے ۔ تینوں حلقوں میں کارکنان کی یکجہتی اور ذمہ داری قابلِ تعریف ہے ۔انہوں نے تمام منتخب صدور اور ان کی ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نئی تنظیمیں عوامی مسائل کے حل، نظریے کے فروغ اور عوامی خدمت کے مشن میں مزید متحرک کردار ادا کریں گی۔ آخر میں رانا شفیق نے ووٹرز، رضاکاروں، پولنگ اسٹاف اور الیکشن کمیشن کا شکریہ ادا کیا اور رابطہ مہم کو تیز کرنے اور تنظیم سازی کو مضبوط کرنے کا اعلان کیا۔