ڈی سی کوٹ ادو کا تحصیل ہسپتال کا دورہ، سہولتوں کا جائزہ
نظام میں مزید بہتری لائی اور سٹاف کی حاضری سو فیصد یقینی بنائی جائے، بلال سلیم
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر بلال سلیم نے چھٹی کے روز ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ ادو کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے ایمرجنسی، او پی ڈی، لیبر روم، فارمیسی اور مختلف وارڈز میں انتظامات کا جائزہ لیا اور علاج، صفائی، ادویات و عملے کی حاضری کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے مریضوں سے علاج کی صورتحال، صفائی کے معیار، ادویات کی دستیابی اور اسٹاف کے رویے کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر حیدر جمشید، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر رضا مغل اور ڈاکٹر شعیب الرحمن گرمانی بھی موجود تھے۔بلال سلیم نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو فوری اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
صفائی کے نظام میں مزید بہتری لائی جائے اور ڈیوٹی سٹاف اپنی حاضری سو فیصد یقینی بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی سہولت اور شکایات کے بروقت حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پنجاب حکومت کا مقصد عوام کو بہتر صحت سہولیات فراہم کرنا ہے اور اس حوالے سے ہر سطح پر کام جاری ہے ۔ انہوں نے تاکید کی کہ ہسپتال آنے والے مریضوں کو علاج کے ساتھ ادویات کی مفت فراہمی یقینی بنائی جائے ، اور کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔