لودھراں بار الیکشن ،صدر اور جنرل سیکرٹری بلا مقابلہ منتخب

لودھراں بار الیکشن ،صدر اور جنرل سیکرٹری بلا مقابلہ منتخب

کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ، واپسی کے بعد دونوں عہدوں پر مد مقابل نہ رہا

لودھراں (سٹی رپورٹر)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لودھراں کے سالانہ انتخابات میں 34 سالہ تاریخ کا منفرد واقعہ سامنے آیا ہے ، جہاں صدر اور جنرل سیکرٹری کی اہم نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ۔ سردار محمد کامران خان ایڈووکیٹ بلا مقابلہ صدر جبکہ شہباز احمد بھٹی ایڈووکیٹ بلا مقابلہ جنرل سیکرٹری منتخب قرار پائے ۔ اسی طرح فنانس سیکرٹری کی نشست پر راؤ شافع الہدیٰ ایڈووکیٹ بھی بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لودھراں کے سالانہ انتخابات کے سلسلے میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال اور واپسی کے عمل کے بعد صدر اور جنرل سیکرٹری کے عہدوں پر کوئی مقابل امیدوار باقی نہ رہا۔ صدارت کے امیدوار چودھری نعیم اختر گجر ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری کے امیدوار مہر شفیق شہزاد ایڈووکیٹ نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ، جس کے بعد الیکشن کمیٹی نے امیدواروں کو بلا مقابلہ منتخب قرار دے دیا۔انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد بار روم میں جشن کا سماں دیکھنے میں آیا۔ نومنتخب صدر اور جنرل سیکرٹری کے حامی وکلاء نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ وکلاء برادری کا کہنا تھا کہ بلا مقابلہ انتخاب اتفاقِ رائے ، اتحاد اور باہمی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے ۔نومنتخب عہدیداران نے اس موقع پر وکلاء برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ ڈسٹرکٹ بار کے مسائل کے حل، وکلاء کے حقوق کے تحفظ اور ادارے کی بہتری کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بار اور بنچ کے درمیان روابط کو مزید مضبوط کیا جائے گا اور وکلاء کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں