فلیش فائر واقعہ غفلت کا نتیجہ، محکمہ سوئی گیس کی تحقیقات مکمل
ملتان میں واقعہ، گیس لیکیج نہیں، چولہا کھلا رہنے سے حادثہ پیش آیا تھا
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان کے علاقے عاشق علی شجرہ ڈیرہ نزد سمیجہ آباد میں پیش آنے والے فلیش فائر کے افسوسناک واقعے کی محکمہ سوئی گیس نے رات گئے مکمل تحقیقات کر لیں۔ سوئی گیس حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی محکمہ کی تکنیکی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور متاثرہ علاقے کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ سوئی گیس کی ٹیموں نے متاثرہ گھر کے اندر اور باہر کھدائی کے ذریعے گیس نیٹ ورک کی مکمل جانچ کی۔ اس کے ساتھ جدید لیکیج ڈیٹیکشن آلات استعمال کرتے ہوئے پورے علاقے کو چیک کیا گیا۔ جامع معائنے کے دوران نہ تو کسی قسم کی گیس لیکیج کے شواہد ملے اور نہ ہی گیس نیٹ ورک میں کسی تکنیکی خرابی کی تصدیق ہو سکی۔تحقیقات کے نتائج کے مطابق واقعہ کچن میں گیس چولہا کھلا رہنے کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں کچن میں گیس جمع ہو گئی۔ اہل خانہ کو جمع شدہ گیس کا علم نہ ہو سکا اور جیسے ہی آگ جلائی گئی، اچانک فلیش فائر ہو گیا۔ حادثے میں ماں اور بیٹی براہِ راست متاثر ہوئیں، جبکہ باپ اور بیٹا انہیں بچانے کی کوشش میں جھلس گئے ۔سوئی گیس حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ واقعہ خالصتاً انسانی غفلت کا نتیجہ ہے ، جس میں محکمہ سوئی گیس کی کوئی ذمہ داری عائد نہیں ہوتی۔ مزید بتایا گیا کہ سمیجہ آباد کا گیس نیٹ ورک حال ہی میں نیا ڈالا گیا ہے۔