پنجاب کے 76کامرس کالجز 17یونیورسٹیوں کے حوالے

پنجاب کے 76کامرس کالجز  17یونیورسٹیوں کے حوالے

ملتان (خصوصی رپورٹر)جنوبی پنجاب کے سات اضلاع سمیت صوبے بھر کے 10 اضلاع میں قائم 76 پبلک سیکٹر کامرس کالجز کو 17 سرکاری یونیورسٹیوں کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔۔۔

 پنجاب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے کامرس ایجوکیشن کے نظام میں بڑی تنظیم نو کی تجویز دیتے ہوئے اس منصوبے پر عملی پیش رفت شروع کر دی ہے ۔ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد اعلیٰ تعلیم کے وسائل کا مؤثر استعمال اور تعلیمی معیار میں بہتری لانا ہے ۔ اس سے قبل صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اعلان کیا تھا کہ کم اندراج والے پبلک سیکٹر کامرس کالجز اور تقریباً 50 جنرل کالجز کو آؤٹ سورس کیا جائے گا۔، تاہم اب حکومت نے کامرس کالجز کو براہ راست یونیورسٹیوں کے تحت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے 17 سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو خطوط ارسال کر دیئے ہیں، جن میں انہیں اپنے متعلقہ علاقوں کے کامرس کالجز ایک سالہ ابتدائی مدت کے لئے تحویل میں لینے اور تفصیلی فزیبلٹی رپورٹس جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ فزیبلٹی رپورٹس میں تعلیمی منصوبہ بندی، ڈگری و ڈپلومہ پروگرامز، مارکیٹ بیسڈ کورسز، روزگار سے مطابقت، دستیاب وسائل اور نفاذ کی ٹائم لائن شامل ہو گی۔اس فہرست میں یونیورسٹی آف پنجاب، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور و فیصل آباد، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان، یونیورسٹی آف سرگودھا، گورنمنٹ یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان سمیت دیگر ادارے شامل ہیں۔دوسری جانب کامرس پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن نے اس فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس سے پبلک سیکٹر میں کامرس تعلیم متاثر ہو سکتی ہے ، جبکہ حکومت کے مطابق تنظیم نو سے تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں