پنجاب کے تمام سرکاری سکولز کا ڈیٹا جمع کرنے کی ہدایت
پرائمری سے ہائر سکینڈری تک سکولز کی تعداد اور اخراجات رپورٹ کرنا لازم
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب کے محکمہ سکول ایجوکیشن نے صوبے بھر کے تمام سرکاری پرائمری، ایلیمنٹری، ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولز کا تفصیلی ڈیٹا فوری طور پر جمع کرانے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔محکمہ کے سیکشن آفیسر سے جاری سرکاری خط میں ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن (ای ای)پنجاب کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محکمہ میں حاضر ہو کر تمام اضلاع کے سکولز کی تعداد کا مصدقہ ڈیٹا پیش کریں۔ یہ رپورٹ صرف محکمہ کے براہ راست کنٹرول میں چلنے والے سکولز پر مبنی ہوگی، جبکہ آؤٹ سورس اسکولز شامل نہیں ہوں گے ۔فارم میں اضلاع کے لحاظ سے پرائمری، ایلیمنٹری، ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولز کی تعداد درج کرنے کے ساتھ 5.5 ماہ کے اخراجات کا تخمینہ بھی تجویز کیا گیا ہے ۔محکمہ حکام کے مطابق یہ ڈیٹا تعلیمی منصوبہ بندی، وسائل کی تقسیم اور تعلیمی پالیسیوں کے تعین میں اہم کردار ادا کرے گا۔