پیف نے ب فارم کے بغیر ہزاروں داخلے مسترد کردیئے

پیف نے ب فارم کے بغیر ہزاروں داخلے مسترد کردیئے

جعلی انرولمنٹ پر سخت کارروائی، ناٹ ویریفائیڈ بچوں کی تصدیق لازمی قرار

ملتان (خصوصی رپورٹر) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) نے ب فارم کے بغیر داخل کئے گئے ہزاروں بچوں کے داخلے مسترد کر دیئے ہیں۔ پیف انتظامیہ نے ایسے بچوں کو ناٹ ویریفائیڈ کیٹگری میں شامل کرتے ہوئے متعلقہ پارٹنر سکولوں کو فوری تصدیق کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔تفصیلات کے مطابق داخلوں کے اہداف پورے کرنے کے لئے پیف کے ماتحت 20ہزار سے زائد پارٹنر سکولوں میں جعلی انرولمنٹ کی گئی۔ پیف حکام کے مطابق یکم اکتوبر سے 31 دسمبر کے دوران ب فارم کے بغیر بچوں کے داخلے کئے گئے ، جو قواعد کے خلاف ہیں۔پیف حکام کا کہنا ہے کہ تعلیمی سال 2025-26 کے لئے نئے داخلوں کی تصدیق 12 جنوری سے شروع کی جائے گی، جبکہ ناٹ ویریفائیڈ بچوں کی تصدیق کے لئے ب فارم فوری طور پر جمع کروانے کا حکم دیا گیا ہے ۔ مقررہ مدت میں دستاویزات جمع نہ کروانے کی صورت میں بچوں کے داخلے منسوخ کر دیئے جائیں گے ۔واضح رہے کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت پی ایس آر پی، این ایس پی، ای وی ایس اور ایف اے ایس پروگرامز کے 20 ہزار سے زائد سکول کام کر رہے ہیں، جہاں مستحق بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جاتی ہے ۔ پیف کی جانب سے ہر طالبعلم پر ایک ہزار روپے تک ماہانہ معاوضہ سکولوں کو دیا جاتا ہے ۔پیف حکام نے مزید بتایا کہ انسپکشن ٹیمیں 12 جنوری سے سکولوں کے دورے شروع کریں گی۔ اگر جعلی انرولمنٹ ثابت ہوئی تو متعلقہ سکول کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا اور مزید قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں