منشیات سے بچاؤ کیلئے مثبت سرگرمیاں ناگزیر، آصف علی
زرعی یونیورسٹی مین منشیات سے آگاہی اور بچاؤ کے موضوع پر سیمینار
ملتان (خصوصی رپورٹر)زرعی یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز اور آفس آف دی سینئر ٹیوٹر کے اشتراک سے منشیات سے آگاہی اور بچاؤ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس کا مقصد طلباء میں منشیات کے جسمانی، ذہنی، سماجی اور قانونی نقصانات کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔سیمینار میں اساتذہ کرام، انتظامی افسروں اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مہمانِ خصوصی ولید ناصر وڑائچ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر / انچارج اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) ملتان نے منشیات کے مضر اثرات اور نوجوانوں میں بروقت آگاہی، بچاؤ اور درست فیصلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے اس آگاہی سیشن کو نہایت بروقت اور اہم قرار دیا۔ انہوں نے طلباء کو تلقین کی کہ وہ منشیات سے دور رہیں اور اپنی زندگی میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیں، جن میں نماز کی پابندی، باقاعدہ ورزش، صحت مند معمولات، کھیلوں میں حصہ لینا اور تعمیری مشاغل شامل ہیں۔وائس چانسلر نے صبر، برداشت اور ضبطِ نفس کی اہمیت پر زور دیا، اور کہا کہ یہ خصوصیات نوجوانوں کو مشکل حالات اور منفی رجحانات کا مقابلہ کرنے کی قوت عطا کرتی ہیں۔