ہسپتال ملازمین دوران ڈیوٹی ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے لگے

ہسپتال ملازمین دوران ڈیوٹی ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے لگے

علاج کیلئے آنے والی خواتین اور لواحقین کی ویڈیوزبنائی جار ہی ہیں، پرائیویسی متاثرفارمیسی عملے کی میوزک کیساتھ بنائی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ،نوٹس کا مطالبہ

جہانیاں (نمائندہ دنیا)ٹی ایچ کیو ہسپتال میں ملازمین کے سرپر ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کا جنون سوار، پابندی کے باوجود ڈیوٹی کے دوران موبائل فون کا استعمال معمول بن گیا،علاج کے لیے آنے والی خواتین مریضوں اور ان کے لواحقین کی ویڈیوز بنائی جانے لگی ہیں،فارمیسی کے عملے کی دوران ڈیوٹی بنائی گئی ٹک ٹاک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فارمیسی ملازم وقاص مریضوں کو ادویات دیتے وقت میوزک کے ساتھ ویڈیو بنا رہا تھا۔ اس واقعے پر سوشل میڈیا اور شہری حلقوں میں شدید تنقید کی جا رہی ہے ۔جہانیاں ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دوران ڈیوٹی ڈاکٹرز اور عملے کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی ہے مگر اس کے باوجود کئی ملازمین موبائل فون سے ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے میں مصروف ہیں۔شہریوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو دوران ڈیوٹی ایسی حرکتیں نہیں کرنی چاہیے کیونکہ اس سے مریضوں کی پرائیویسی متاثر ہوتی ہے اور ہسپتال کی ساکھ پر بھی منفی اثر پڑتا ہے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر خانیوال اور کمشنر ملتان سے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ دار عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں