چکن شاپس سے سلاٹر ہاؤس ٹیکس کے نام پر بھتہ بند
ایڈمنسٹریٹر کا نوٹس، غیرقانونی وصولی واپس کرانے اور سخت کارروائی کا حکم
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل یوسف چھینہ نے شہر بھر میں چکن شاپس اور چکن فروخت کرنے والے پھٹہ مالکان سے سلاٹر ہاؤس ٹیکس کے نام پر روزانہ 300 روپے غیرقانونی وصولی کافوری نوٹس لیتے ہوئے ناجائز وصولی بند کرکے غیرقانونی وصولی واپس کرانے اور سخت کارروائی کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی کے ٹھیکیدار کی جانب سے مذبحہ ٹیکس کی آڑ میں شہر کی چکن شاپس اور پھٹہ مالکان سے روزانہ کی بنیاد پر 300 روپے وصول کیے جا رہے تھے جو قواعد و ضوابط کے خلاف ہے ۔ دکانداروں نے اس غیرقانونی عمل کیخلاف انتظامیہ کو متعدد شکایات درج کرائیں جس پر ایڈمنسٹریٹر نے معاملے کی جانچ پڑتال کے بعد کارروائی کی۔ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی یوسف چھینہ نے واضح کیا کہ سلاٹر ہاؤس ٹیکس کے نام پر اس طرح کی روزانہ وصولی کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ انہوں نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کو ہدایت کی کہ ٹھیکیدار کے ذریعے غیرقانونی طور پر وصول کی گئی رقم فوری طور پر متاثرہ دکانداروں کو واپس کرائی جائے ، اگر ٹھیکیدار نے احکامات پر عمل نہ کیا اور بھتہ خوری سے باز نہ آیا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔