امریکا کا ایران پرمتوقع حملہ خطے کے امن کیلئے خطرہ، ملی یکجہتی کونسل

امریکا کا ایران پرمتوقع حملہ خطے کے امن کیلئے خطرہ، ملی یکجہتی کونسل

پاکستان عالمی سطح پر ایران کا ساتھ دے ، امت مسلمہ اتحاد کا مظاہرہ کرے

ملتان (کرائم رپورٹر)ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کے صدر حافظ محمد اسلم، سیکرٹری جنرل محمد ایوب مغل، محمد سلیم صدیقی اور بشارت عباس قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایک بار پھر ایران پر حملے کرکے خطے کے امن کو تباہ کرنے کے درپے ہے ، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر امت مسلمہ نے اب بھی ہوش کے ناخن نہ لئے اور باہمی اختلافات بھلا کر متحد نہ ہوئی تو وینزویلا کی طرح کل کسی اور ملک کی باری بھی آ سکتی ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان کو اپنے دیرینہ دوست ایران کا ساتھ دینے کے لئے عالمی سطح پر بھرپور آواز بلند کرنی چاہئے ، بصورت دیگر آنے والے وقت میں نہ صرف خطے کو شدید معاشی مشکلات بلکہ مزید سنگین مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کا کردار انتہائی قابلِ تحسین ہے ، جس کے باعث آج پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر اور عوام میں اطمینان کی فضا قائم ہے ۔ رہنماؤں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم ایران کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، کیونکہ ایران نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ دنیا میں امن تباہ کرنے کا ذمہ دار امریکا اور اسرائیل ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں