پنک گیمز، ملتان ڈویژن میں خواتین کھلاڑیوں کے ٹرائلز کا اعلان

پنک گیمز، ملتان ڈویژن میں خواتین کھلاڑیوں کے ٹرائلز کا اعلان

16کھیلوں کے ڈویژنل ٹرائلز 19سے 24جنوری تک مختلف مقامات پر ہونگے

ملتان (خصوصی رپورٹر)حکومتِ پنجاب کی ہدایت پر سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ نے 21 سال سے کم عمر خواتین کے لئے پنک گیمز 2026 کے انٹر ڈویژن مقابلہ جات کے ٹرائلز کا اعلان کیا ہے ۔ ہر ڈویژن میں 16 کھیلوں کے ٹرائلز منعقد ہوں گے جن کے ذریعے ڈویژنل ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی اور منتخب کھلاڑی لاہور میں اپنی ڈویژن کی نمائندگی کریں گی۔ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان عطاالرحمن خان نے ڈویژنل سپورٹس ایسوسی ایشنز اور متعلقہ افسروں سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ٹرائلز 19 جنوری سے 24 جنوری 2026 تک مختلف مقامات پر صبح 11 بجے شروع ہوں گے ۔ شیڈول کے مطابق 19 جنوری کو بیڈمنٹن گورنمنٹ مسلم ہائی سکول ملتان میں، کراٹے ، تائیکوانڈو، ووشو اور باسکٹ بال ڈویژنل سپورٹس کمپلیکس میں ہوں گے ۔ 

20 جنوری کو ایتھلیٹکس اور والی بال فٹبال گراؤنڈ میں، شطرنج اور ویٹ لفٹنگ جمنیزیم ہال میں ہوں گے ۔ 21 جنوری کو ہاکی مقابلے ملتان ہاکی سٹیڈیم میں منعقد ہوں گے ، جبکہ 23 جنوری کو رگبی اور ماس ریسلنگ ڈویژنل سپورٹس کمپلیکس میں، اور ٹیبل ٹینس، آرچری اور باکسنگ ڈسٹرکٹ سپورٹس کمپلیکس خانیوال میں ہوں گے ۔ 24 جنوری کو پیڈل ٹینس کے لئے رجسٹریشن ڈویژنل سپورٹس آفس ملتان میں ہوگی۔ٹرائلز کی نگرانی مختلف فوکل پرسنز اور اسپورٹس افسران کریں گے جن میں ناصر حسین، ڈاکٹر محمد عدنان، عدنان نعیم، شاہد لطیف، نور خان قیصرانی، فاروق لطیف، محمد حفیظ، عامر رمضان سدھو اور ایم جمشید مجید شامل ہیں۔ ٹرائلز میں صرف وہ خواتین کھلاڑی شرکت کر سکتی ہیں جن کی تاریخ پیدائش یکم جنوری 2006 یا اس کے بعد ہو اور ان کے پاس ایف آر سی یا قومی شناختی کارڈ موجود ہو۔ ملتان ڈویژن کی نمائندگی کرنے والی ٹیموں کو قواعد و ضوابط کے مطابق کنوینس، ڈیلی الاونس اور یونیفارم فراہم کیے جائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں