سرکاری ڈاکٹرز،پیرا میڈیکس کی کڑی نگرانی شروع

سرکاری ڈاکٹرز،پیرا میڈیکس کی کڑی نگرانی شروع

اقدام کامقصد ہسپتالوں میں نظم وضبط کا قیام، بہتر طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ، شکایات میں کمی، امور میں شفافیت آسکے گی، عوامی حلقوں نے حکومتی اقدامات کی حمایت کردی

ملتان (لیڈی رپورٹر) ملتان میں سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر عملے کی نگرانی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ ٹریفک پولیس کی طرز پر ڈاکٹرز اور ہسپتال عملے کو باڈی کیم لگانے کی تجویز سامنے آئی ہے ، جس کے ذریعے ہسپتالوں میں موجود عملے کے رویے اور فرائض کی انجام دہی کو مانیٹر کیا جا سکے گا۔ذرائع کے مطابق باڈی کیم کے ذریعے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف اور پیرامیڈیکس کی کارکردگی اور مریضوں کے ساتھ رویے کی باقاعدہ نگرانی ممکن ہو سکے گی۔ اس اقدام کا مقصد ہسپتالوں میں نظم و ضبط قائم کرنا اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔باڈی کیم لگانے کے فیصلے پر ڈاکٹرز کی جانب سے تنقید سامنے آ رہی ہے ، جبکہ شہریوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس کی بھرپور حمایت کی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ باڈی کیم کے استعمال سے ڈاکٹرز اپنی ڈیوٹی پوری کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے رویے بھی آن لائن ریکارڈ ہوں گے ، جس سے شکایات میں کمی آئے گی اور شفافیت بڑھے گی۔ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ گزشتہ دنوں نشتر ہسپتال میں ایک ڈاکٹر کی جانب سے نازیبا اشارے کئے جانے کے واقعے کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد کیا گیا۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ باڈی کیم لگانے کے فیصلے پر فوری طور پر عملدرآمد کیا جائے تاکہ ہسپتالوں میں نظم و ضبط اور مریضوں کا اعتماد بحال ہو سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں