کل سے سکول مکمل فعال ،سی اوز کو تیار ی کا حکم
سوفیصد حاضری یقینی، اداروں میں صفائی سمیت انتظامات کی ہدایت
ملتان (خصوصی رپورٹر)کل سے سکول مکمل فعال کرنے کا حکم، تمام سی اوز کو تیاری مکمل کرنے اور ملازمین کی سوفیصد حاضری کی ہدایت تفصیل کے مطابق پنجاب حکومت کی سخت ہدایات پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں 19 جنوری 2026 کو تعلیمی اداروں کے دوبارہ کھلنے سے قبل تمام سرکاری سکولوں کو مکمل طور پر فعال اور تیار رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔ اس سلسلے میں تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز) کو واضح احکامات دیئے گئے ہیں کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سکولوں کے احاطوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے گا اور طلبہ کیلئے محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے گا اس کے ساتھ انتظامی، تعلیمی اور معاون امور کو پہلے ہی مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ تدریسی سرگرمیاں بلا تعطل شروع کی جا سکیں۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ تدریسی اور غیر تدریسی عملہ 19جنوری 2026 سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالے گا اور سکولوں کے معمولات میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنی چاہئے ۔ محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ احکامات پر عملدرآمد میں غفلت یا تساہلی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد تعلیمی معیار کو بہتر بنانا اور طلبہ کو بروقت اور محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے ۔