ایچ ای سی نے اوپن یونیورسٹی بی ایڈ ڈگری کو مساوی قرار دیدیا
آئندہ تعلیم یا ملازمت کیلئے موذوں ہونے کا فیصلہ متعلقہ ادارے کی صوابدیدیہائر ایجوکیشن کمیشن کی ڈیڑھ سالہ بی ایڈ پروگرام کے حوالے سے وضاحت
ملتان (خصوصی رپورٹر)ہائر ایجوکیشن کمیشن نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد سے حاصل کردہ بیچلر آف ایجوکیشن (بی ایڈ) ڈیڑھ سالہ ڈگری کو مساوی قرار دینے سے متعلق وضاحت جاری کر دی ہے ۔ایچ ای سی کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پاکستان کا چارٹرڈ ڈگری ایوارڈنگ ادارہ ہے اور اس کے تحت دیا جانے والا ڈیڑھ سالہ پروگرام مخصوص شرائط کے ساتھ تسلیم شدہ ہے ۔ اگر کسی امیدوار نے پہلے 16 سالہ غیر متعلقہ تعلیمی قابلیت حاصل کی ہو اور بعد میں ڈیڑھ سالہ بی ایڈ پروگرام مکمل کیا ہو تو اسے روایتی ایم اے ایجوکیشن یا ایم ایڈ کے مساوی تصور کیا جائے گا، جس میں مجموعی طور پر 16 سالہ تعلیم شامل ہوتی ہے ۔ایچ ای سی نے مزید واضح کیا ہے کہ کسی بھی امیدوار کو آئندہ تعلیم میں داخلہ دینے یا ملازمت کے لیے موزونیت کا فیصلہ متعلقہ یونیورسٹی یا تقرری کرنے والے ادارے کی صوابدید ہوگا، جبکہ ایچ ای سی ان معاملات میں براہِ راست کردار ادا نہیں کرے گا۔تعلیمی حلقوں کے مطابق ایچ ای سی کی اس وضاحت سے وہ طلبہ اور اساتذہ رہنمائی حاصل کریں گے جنہوں نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے بی ایڈ ڈیڑھ سالہ پروگرام مکمل کیا ہے اور اب وہ تعلیمی و پیشہ ورانہ مواقع کے لیے اپنے حقوق کو بہتر طریقے سے استعمال کر سکیں گے ۔