حساس امتحانی مراکز میں بائیو میٹرک حاضری کا نفاذ شروع
شفافیت کیلئے امیدواروں کی شناخت بائیو میٹرک ،سی سی ٹی وی نگرانی سے یقینی ساڑھے چھ ہزار سے زائد امیدواروں کی بائیو میٹرک تصدیق مکمل کی جا چکی
ملتان (خصوصی رپورٹر)تعلیمی بورڈ ملتان کے زیر اہتمام میٹرک امتحانات کے دوران حساس امتحانی مراکز میں امیدواروں کی بائیو میٹرک حاضری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تاکہ امتحانی نظام میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے ۔ذرائع کے مطابق ملتان میں قائم 31 حساس امتحانی مراکز میں امیدواروں کی بائیو میٹرک حاضری لی جا رہی ہے ۔ اب تک ساڑھے چھ ہزار سے زائد امیدواروں کی بائیو میٹرک تصدیق مکمل کی جا چکی ہے ، جس کا مقصد ہر امیدوار کی درست شناخت کو یقینی بنانا اور نقل یا دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے امکانات کو کم کرنا ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ امتحانی عمل کی کڑی نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کا نظام بھی فعال کر دیا گیا ہے ، جبکہ امتحانی مراکز کی آن لائن مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی بے ضابطگی کی صورت میں فوری کارروائی ممکن ہو سکے ۔تعلیمی بورڈ حکام کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے امتحانات کے نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بائیو میٹرک حاضری اور آن لائن نگرانی کے نظام کے ذریعے امتحانات میں نقل اور دیگر بے ضابطگیوں کی روک تھام کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔