امتحانی نظام کی شفافیت کیلئے پیکٹا کے اختیارات میں اضافہ
امتحانات کی آزادانہ نگرانی یقینی،محکمہ سکول ایجوکیشن کی طرف سے ہدایات جاری
ملتان (خصوصی رپورٹر) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبہ بھر میں امتحانی نظام کو مزید شفاف اور مضبوط بنانے کے لیے پنجاب ایجوکیشنل کریکولم، ٹیسٹنگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا) کے اختیارات اور دائرہ اختیار میں اضافہ کر دیا ہے ۔محکمہ تعلیم کی جانب سے تمام ڈی پی آئیز، ڈائریکٹرز اور سی ای اوز کو جاری ہدایات کے مطابق پیکٹا سرکاری اور آؤٹ سورسڈ سکولوں کے امتحانی امور میں مکمل طور پر آزادانہ اور بغیر کسی دباؤ کے کام کرے گی۔ حکام کے مطابق امتحانات کے انعقاد کے لیے خفیہ اور محفوظ نظام متعارف کرایا جا رہا ہے ، جس پر پیکٹا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی سربراہی میں ٹیم کام کر رہی ہے تاکہ امتحانی عمل کو ہر قسم کی مداخلت سے پاک رکھا جا سکے ۔ہدایت نامے کے مطابق سکول بیسڈ اسیسمنٹ (ایس بی اے ) کے حوالے سے بھی اہم فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پنجاب بھر میں ہونے والے اسیسمنٹس میں سے 25 فیصد کی ویلیڈیشن پیکٹا کے آزادانہ ٹیسٹنگ سسٹم کے ذریعے کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے سکولوں کے سربراہان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ چیک شدہ اسیسمنٹس محفوظ رکھیں تاکہ ضرورت پڑنے پر ویلیڈیشن کے لیے پیش کیے جا سکیں۔محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ اگر ویلیڈیشن کے دوران کسی سکول میں طلبہ کے نتائج بہتر ظاہر کرنے کے لیے غلط یا ناقص چیکنگ ثابت ہوئی تو متعلقہ ہیڈ آف سکول کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ مزید برآں ڈی پی آئیز، ڈائریکٹرز اور سی ای اوز کی کارکردگی کا جائزہ بھی اسیسمنٹس کی شفافیت اور معیار کی بنیاد پر لیا جائے گا۔