وہاڑی میں غریب اور محنت کش طبقے کی عید ماند
مہنگائی، پٹرول کی بڑھتی قیمتیں اور کارروائیوں سے دیہاڑی دار پریشان
وہاڑی (خبرنگار) عید کے موقع پر مہنگائی، پٹرول کی بڑھتی قیمتوں اور بجلی کے بھاری بلوں نے شہر کے غریب اور محنت کش طبقے کی خوشیاں ماند کر دی ہیں۔ پیرا فورس کی کارروائی میں روزگار ختم ہونے والے ریڑھی بان نذیر نے بتایا کہ بچوں کے لیے کپڑے خریدنا اور سحر و افطار کا انتظام بھی مشکل ہو گیا ہے ۔ مزدور اشرف نے کہا کہ کئی دنوں سے دیہاڑی نہیں ملی، جبکہ رکشہ ڈرائیور محمود نے پٹرول کی بڑھتی قیمتوں سے مشکلات بیان کیں۔ موچی اصغر حسین نے کہا کہ فٹ پاتھ پر کام کرنے کی اجازت ختم ہونے سے روزگار ختم ہو گیا ہے ۔ محنت کش طبقے نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی پر قابو پایا جائے اور چھوٹے کاروبار کرنے والے افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ بھی اپنے بچوں کے ساتھ عید کی خوشیاں منا سکیں۔