وہاڑی میں گیس سلنڈر کی قیمت 4500روپے تک جا پہنچی
من مانے ریٹس وصول ،کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں، عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ
وہاڑی (خبرنگار) ضلع وہاڑی میں گھریلو استعمال کے گیس سلنڈر کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، جس کے باعث سلنڈر کی قیمت بڑھ کر 4500 روپے تک جا پہنچی ہے اور شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے ۔ مہنگائی کے اس نئے طوفان نے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے ابھی گیس کی قیمتوں میں کوئی باقاعدہ اضافہ نہیں کیا، تاہم نجی گیس کمپنیوں اور ڈیلرز کی جانب سے من مانے ریٹس وصول کیے جا رہے ہیں جو کھلی ناجائز منافع خوری کے مترادف ہے ،متعلقہ اداروں کی طرف سے کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں۔متاثرہ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے ۔ ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے ، تاہم تاحال کوئی مؤثر کارروائی سامنے نہیں آ سکی۔ شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر قیمتوں کو کنٹرول نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جا سکتا ہے ۔