خانیوال میں روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ
ڈبل روٹی اور گھی سمیت دیگر اشیاء کی قیمتیں بڑھنے سے عام شہری پریشان
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر)شہر کی اوپن مارکیٹ میں مہنگائی کا رجحان بدستور برقرار ہے ، اور عام صارفین کی جیبیں خالی ہوتی جا رہی ہیں۔ بازار میں مختلف اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے ، جس سے شہریوں کی زندگی پر برا اثر پڑ رہا ہے ۔مختلف کمپنیوں کی جانب سے ڈبل روٹی کی قیمتوں میں 10 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے ۔ اب سمال بریڈ 110 روپے کی بجائے 120 روپے ، میڈیم بریڈ 150 روپے کی بجائے 160 روپے جبکہ لارج بریڈ 210 روپے کی بجائے 220 روپے میں دستیاب ہے ۔ اس اضافے نے گھرانوں کے روزانہ کے بجٹ کو متاثر کیا ہے اور اکثر افراد کے لیے روٹی خریدنا بھی مشکل ہو گیا ہے ۔اسی طرح کراچی گھی مینوفیکچررز نے بھی گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے ۔ اب درجہ سوئم گھی اور آئل کی قیمت 470 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے ۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ کمپنیوں کی جانب سے قیمتوں میں اضافہ براہِ راست صارفین پر اثر ڈال رہا ہے اور خریداری میں کمی آ رہی ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر مہنگائی کے بڑھتے ہوئے رجحان کے اثرات مقامی مارکیٹ میں بھی نظر آ رہے ہیں، اور حکومت کو چاہیے کہ فوری اقدامات کرے تاکہ عوام کی مشکلات کم کی جا سکیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام لایا جائے تاکہ روزمرہ زندگی آسان ہو۔