وہاڑی:لکڑ منڈی میں سیوریج کے پانی سے زندگی عذاب

وہاڑی:لکڑ منڈی میں سیوریج کے پانی سے زندگی عذاب

نکاسی آب کے ناقص انتظامات کے باعث کاروبار اور آمد و رفت شدید متاثر

وہاڑی(خبر نگار، نمائندہ خصوصی) حالیہ بارش کے بعد شہر میں نکاسی آب کے ناقص انتظامات ایک بار پھر سامنے آ گئے ہیں۔ لکڑ منڈی کے مرکزی چوک میں گزشتہ روز سے سیوریج کا پانی جمع ہونے کے باعث تاجر برادری اور عام شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔متاثرہ علاقے میں پانی کھڑا ہونے کے سبب نہ صرف آمد و رفت میں مشکلات پیدا ہو گئی ہیں بلکہ تعفن اور گندگی کے باعث ماحول بھی آلودہ ہو چکا ہے ۔ مقامی تاجروں نے کہا کہ بارہا شکایات کے باوجود واسا حکام مسئلے کے حل کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کر رہے ۔ ذرائع کے مطابق واسا عملہ موقع پر محض رسمی کارروائی اور فوٹو سیشن تک محدود رہا، جبکہ عملی طور پر نکاسی آب کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔لکڑ منڈی کے تاجر رانا محمد ندیم نے کہا کہ سیوریج کے پانی کے باعث کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے اور گاہک بھی کم آ رہے ہیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورایہ سے فوری نوٹس لینے اور مسئلے کے مستقل حل کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔شہریوں نے بھی ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی کہ واسا کی کارکردگی کا جائزہ لے کر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرے اور شہر میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنائے تاکہ آئندہ بارشوں میں عوام کو اس قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں