بااثر افراد کا بیوہ اوراسکی بیٹیوں پر تشدد، گھر پر قبضہ کی کوشش

بااثر افراد کا بیوہ اوراسکی بیٹیوں پر تشدد، گھر پر قبضہ کی کوشش

سڑک پر گھسیٹتے رہے ، مقدمہ کے باوجود کارروائی نہ ہونے پر سامان بھی لوٹ لیاوزیر اعلیٰ ، آر پی او ،ڈی پی او تحفظ دلائیں، متاثرہ کی بیٹیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس

 وہاڑی(خبر نگار،نمائندہ خصوصی)تھانہ لڈن کی حدود 64 KB کی رہائشی بیوہ شازیہ بی بی کے گھر پر بااثر افراد نے قبضے کی کوشش کی اور انسانیت کی تمام حدیں پار کر دیں۔ متاثرہ خاتون نے اپنی بیٹیوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پٹھانہ ولیداد، رانجھا ولیداد، وریام ولیداد، لیاقت ولد سجاول اور ان کے دیگر ساتھیوں نے گھر پر دھاوا بولا ۔متاثرہ بیوہ کے مطابق،کچھ عرصہ قبل ان کے جوان بیٹے کی وفات ہو گئی تھی اور زمین فروخت کرنے کی رنجش پر یہ بااثر افراد ان کے دشمن بن گئے ہیں۔ چند روز قبل ملزموں نے گھر میں گھس کر اسے اور اس کی بیٹیوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے خاتون کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔ ملزموں نے بیٹی کے کپڑے پھاڑ دئیے اور اسے نیم برہنہ حالت میں گھسیٹتے ہوئے باہر سڑک پر لے آئے ، جس سے چادر اور چار دیواری کا تقدس بری طرح پامال ہوا ۔متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ تھانہ لڈن میں ایف آئی آر درج کرانے کے باوجود پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی جس سے ملزموں نے دوبارہ حملہ کر کے گھر سے قیمتی سامان بھی لوٹ لیا۔ متاثرہ خاندان نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، آر پی او ملتان اور ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال سے اپیل کی ہے کہ ان بااثر ظالموں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے اور ایک بے سہارا بیوہ کو انصاف فراہم کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں