ڈی پی اوخانیوال کی کھلی کچہری، مسائل سن کر موقع پر احکامات

ڈی پی اوخانیوال کی کھلی کچہری، مسائل سن کر موقع پر احکامات

ضلع بھر میں امن قائم کرنا اورجرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ پہلی ترجیح ہے ، محمد عابد

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق ڈی پی او محمد عابد کی جانب سے اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کی دادرسی کا عمل جاری ہے ۔ اس سلسلے میں ڈی پی او روزانہ کی بنیاد پر اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کرتے ہیں، جس میں شہری اپنے مسائل اور شکایات براہِ راست پیش کر سکتے ہیں۔ڈی پی او محمد عابد نے کہا کہ ضلع بھر میں امن قائم کرنا، جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کرنا اور شہریوں کی دادرسی یقینی بنانا ان کا بنیادی مقصد ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے والے پولیس افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ عوامی اعتماد قائم رہے ۔انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ جھوٹی درخواستوں سے گریز کریں تاکہ حقیقی مسائل پر فوری توجہ دی جا سکے ۔ ڈی پی او نے پولیس افسران کو ہدایات دی ہیں کہ وہ دفاتر اور تھانوں میں آنے والے شہریوں سے خندہ پیشانی سے پیش آئیں، ان کے مسائل کو بغور سنیں اور میرٹ کے مطابق فوری دادرسی یقینی بنائیں۔ڈی پی او کے مطابق اوپن ڈور پالیسی شہریوں کے لیے سہولت کا ذریعہ ہے اور اس کے ذریعے عوام اپنے مسائل کا فوری حل حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ پولیس کے افسران کو بھی اپنی ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے تاکہ ضلع میں امن و امان کو مستحکم بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں