من و سلویٰ منصوبہ،نئے مرکز کا افتتاح

من و سلویٰ منصوبہ،نئے مرکز کا افتتاح

عوامی فلاحی منصوبہ کو مزید وسعت دینے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، مخیر حضرات کا تعاون شامل ہےملتان ڈویژن کا بیوٹیفکیشن منصوبہ، بازاروں کی اپ گریڈیشن میں یکسانیت برقرار رکھنے کا حکم، کمشنر عامر کریم خان

ملتان (وقائع نگار خصوصی )مخیر حضرات کے تعاون سے من و سلویٰ منصوبہ توسیع کی جانب گامزن، مستحق افراد کو باعزت مفت کھانے کی فراہمی جاری، مخیر حضرات کے تعاون سے مستحق افراد کو مفت اور باعزت کھانا فراہم کرنے کے سلسلے کو مزید وسعت دیتے ہوئے کمشنر عامر کریم خاں نے پانچویں من و سلویٰ پوائنٹ کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر فلاحی منصوبے کے دائرہ کار کو بڑھانے اور زیادہ سے زیادہ ضرورت مند افراد تک رسائی کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔افتتاح کے موقع پر بتایا گیا کہ پوائنٹ پر فریزر کے ذریعے کھانے کو محفوظ رکھنے اور مستحق افراد میں باوقار انداز میں تقسیم کرنے کا مؤثر نظام وضع کیا گیا ہے ، جس سے نہ صرف خوراک کا ضیاع کم ہوگا بلکہ ضرورت مند افراد کو بہتر سہولت بھی میسر آئے گی۔اس سے قبل من و سلویٰ کے چار پوائنٹس واپڈا کالونی انڈسٹریل اسٹیٹ، گول باغ اور نواں شہر میں کامیابی سے فعال ہیں، جہاں روزانہ سینکڑوں مزدوروں اور دیہاڑی دار افراد کو مفت کھانا فراہم کیا جا رہا ہے ۔ یہ اقدام شہری سطح پر فلاحی سرگرمیوں کے فروغ کی ایک نمایاں مثال بن چکا ہے ۔ ملتان ڈویژن میں بیوٹیفکیشن منصوبوں کی رفتار تیز، اہم بازاروں کی اپ گریڈیشن پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ، کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت بیوٹیفکیشن پلان کے تحت ڈویژن بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام اضلاع میں جاری سکیموں کی پیشرفت، معیار اور بروقت تکمیل پر غور کیا گیا۔ بازاروں کی اپ گریڈیشن میں یکسانیت برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے پولز، بینچز، شیڈز اور اسٹریٹ فرنیچر کو معیاری اور یکساں ڈیزائن کے تحت نصب کرنے کی ہدایت دی گئی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں