پاکستان کی سفارتی کامیابیاں عالمی سطح پر تسلیم، احمد یار ہنجرا
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) سابق صوبائی وزیر جیل خانہ جات اور مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر ملک احمد یار ہنجرا نے کہا ہے کہ۔۔۔
پاکستان کی سفارتی کوششوں کے باعث عالمی سطح پر ایک نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے اور ملک کا وقار بلند ہو رہا ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی معاشی اور فوجی طاقت امریکہ اور تقریباً نصف صدی سے عالمی پابندیوں کا سامنا کرنے والے ایران کو ایک میز پر لانے کے لیے وزیر اعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں جنہیں عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سفارتی پیش رفت پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے جس سے ملک کو بین الاقوامی سطح پر نئی عزت، وقار اور اعتماد حاصل ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قوم کو چاہیے کہ وہ اس نئی شناخت کو برقرار رکھنے کے لیے ایمانداری، وعدے کی پاسداری اور دیانتداری کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائے تاکہ پاکستان دنیا میں ایک مضبوط اور باوقار ریاست کے طور پر ابھر سکے ۔ایک سوال کے جواب میں ملک احمد یار ہنجرا نے کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی آئی ہے اور واپڈا حکام کے ساتھ طے شدہ حکمت عملی کے تحت بہتری کا عمل جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر اس عمل کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔